(24 نیوز)بھارت میں ان دنوں مختلف ریاستوں میں مرحلہ وار انتخابات ہو رہے ہیں اور اسی تناظر میں بھارتی ریاست آسام میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ضلع ہساؤ کے ایک بوتھ پر جہاں ووٹنگ لسٹ کے مطابق صرف 90 افراد ووٹ ڈالنے کے اہل تھے لیکن وہاں 181ووٹ ڈالے گئے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آسام کے چیف الیکٹورل آفیسر نے زبردست بدعنوانی کی طرف نشاندہی کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا ہے۔ یہ بوتھ ہفلانگ حلقہ میں واقع ہے جہاں یکم اپریل کو دوسرے مرحلہ میں ووٹنگ کی گئی۔ ہفلانگ میں 74 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس واقعہ کے علم میں آنے کے بعد ضلع الیکشن آفیسر نے بوتھ پر تعینات 5 عہدیداروں کو معطل کردیا اور دوبارہ رائے دہی کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ بوتھ 107 اے کھوتر ایل پی سکول میں قائم کیا گیا تھا۔ اپوزیشن کانگریس نے اس بوتھ پر دوبارہ رائے دہی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق کپتان مصباح کی اہلیہ کے انوکھے کرتب