کورونا سے متاثرہ اضلاع میں 8ویں تک کلاسز بند رکھنے کا فیصلہ

Apr 06, 2021 | 12:48:PM
کورونا سے متاثرہ اضلاع میں 8ویں تک کلاسز بند رکھنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وفاقی وزیر شفقت محمود  کی سربراہی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا خصوصی اجلاس ہوا۔ جس میں کورونا کی وجہ سے سکولوں کی بندش کے معاملے کا جائزہ لیا  گیا۔کورونا سے متاثرہ اضلاع میں 8ویں تک کلاسز بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا،تعلیمی ادارے عید تک بند رکھنے کا فیصلہ 28 اپریل کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق  این سی او سی کے اہم اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، چاروں صوبوں کے صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم شریک ہوئے۔ علما ئے کرام کی مشاورت سے رمضان المبارک کے ایس او پیز کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ صحت  کی جانب سے  سے عید تک تعلیمی ادارےبند کرنے کی تجویز دی گئی۔ محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو 9 اضلاع میں عید تک بند رکھا جائے۔دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم مراد راس  نے  تعلیمی ادارے بند کرنے کی مخالفت کی۔

بعدازاں شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول 28 اپریل تک بندرہیں گے۔ نویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے 19 اپریل سے ایس او پیز کے تحت کھلیں گے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ نہم سے بارہویں جماعت کے بچوں کو پچاس فیصد حاضری کے تحت سکول بلوایا جائے گا۔نویں اور دسویں کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے  لئے جائیں گے۔ 28 اپریل کو کورونا صورتحال کا جائزہ لے کر دوبارہ فیصلہ کریں گے۔اجلاس میں او لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق لینے کا فیصلہ کیا گیا۔