(مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے چند روز قبل یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قرب و جوار سے انخلاء کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان پر یوکرین کے نائب وزیر دفاع نے کہا ہے کہ کیف اور چرنیہیو کے علاقوں سے روسی افواج کا انخلاء فوج کشی کے لئے دوبارہ صف بندی کرنا ہے۔
العریبہ ٹی وی کی ویب رپورٹ کے مطابق نائب وزیر دفاع ھنا ملیار نے منگل کے روز کہا کہ ان کا ملک تمام حالات کے لئے تیار ہے اور لڑتا رہے گا۔انہوں مزید کہا کہ تمام خطوں میں شدید لڑائی جاری ہے۔ ہم فتح ضرور حاصل کریں گے لیکن راستہ طویل ہے اور اس کے لئے ہمیں کوشش اور صبر کی ضرورت ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ جنگ جاری ہے۔آج ہم تمام ممکنہ منظرناموں پر غور کر رہے ہیں کہ یہ جنگ کیسے آگے بڑھائی یا روکی جا سکتی ہے۔"
قابل ذکر ہے کہ روسی افواج نے چند روز قبل یوکرینی افواج کے ساتھ شدید تصادم کے بعد دارالحکومت کیف کے قرب و جوار سے پسپائی اختیار کر لی تھی جب کہ ماسکو نے انخلاء کو جذبہ خیر سگالی قرار دیا تھا تاکہ گذشتہ جمعے کو ہونے والے مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ دونوں فریقین نے ویڈیو کے ذریعے اور مذاکرات کاروں کی پیر کو دوبارہ ملاقات طے کی تھی، لیکن دونوں فریقوں نے بات چیت کے بارے میں کوئی نئی بات ظاہر نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ۔۔تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے