ایس ایچ او آبپارہ نے عدالت میں شیخ رشید کی شکایت لگا دی

Apr 06, 2023 | 13:02:PM

(24 نیوز) اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او اشفاق وڑائچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جج سے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی شکایت لگا دی۔

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے سے متعلق کیس کی سماعت پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او اشفاق وڑائچ نے عدالت کے سامنے شیخ رشید کی شکایت لگا دی اور ان کی موجودگی میں جذباتی گفتگو کی۔

ایس ایچ او نے کہا کہ میں روزے سے ہوں اور باوضو بھی ہوں حلفاً کہتا ہوں کہ میں منشیات فروش نہیں لیکن شیخ رشید بار بار میڈیا پر آکر مجھے منشیات فروش کہتے ہیں۔ ان کے لفظوں سے میری ہتک عزت ہوئی بچے مجھ سے اس بارے میں سوال کرتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ پاپا کیا آپ منشیات بیچتے ہیں؟

اس موقع پر شیخ رشید نے تھانیدار کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں بھی روزے سے ہوں میرا سامان اور ٹیلی فون انہوں نے نہیں دیا۔

عدالت نے شیخ رشید کو ہدایت کی کہ آپ سپرداری دائر کرکے لے سکتے ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ یہ دو پہلے بھی اسی طرح دے گئے تھے باقی سامان بھی دے دیں۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ آئی جی ہو سپاہی ہو یا کوئی اور سب ہمارے لیے عزت قابل احترام ہے۔ اگر کسی نے کام ٹھیک نہ بھی کیا ہو تو میں اہلکار کو عزت سے بلاتا ہوں۔

اس موقع پر عدالت کا ایس ایچ او سے مکالمہ ہوا۔ عدالت نے تھانیدار سے کہا کہ آپ تحریری لکھ کر دیں کہ جو بھی ہوا قانون خود دیکھ لے گا۔ جس پر ایس ایچ او نے کہا کہ میں تحریری بھی لکھ کر دوں گا اور ویڈیو بھی دوں گا۔

شیخ رشید کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ان سے یہ بھی پوچھ لیں کہ کیا کوئی جونئیر اس طرح ایس ایچ او بن سکتا ہے؟ جس پر عدالت نے کہا کہ اگر آپ کے پاس کچھ معلومات ہیں تو آپ الگ سے وہ درخواست متعلقہ جگہ دے سکتے ہیں۔

اس موقع پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ آئندہ ایسی بات نہیں کریں گے جس پر انہوں نے یقین دہائی کرائی کہ وہ آئندہ ایسی بات نہیں کریں گے۔

اس موقع پر ایس ایچ او دوبارہ عدالت کے سامنے بول پڑے اور کہا کہ جو بات پہلے کی ہے اس پر معذرت کریں گے؟ جس پر شیخ رشید نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ پہلے جو ہوگیا وہ ہوگیا۔

مزیدخبریں