متنازع الیکشن سے ملک میں افراتفری کا خدشہ ہے: رانا ثنا اللہ

Apr 06, 2023 | 19:10:PM

 (24 نیوز) رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سے گزارش ہے کسی کی ضد پر ملک کو نقصان نہ پہنچائیں، ایک فرد واحد کی انا کی تسکین کیلئے ملک کو آمریت کے اندھیروں میں نہ دھکیلیں، متنازع الیکشن سے ملک میں افراتفری کا خدشہ ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے لائرز کمپلیکس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، وکلا برادری ہمارے معاشرے کا لازمی حصہ ہے، لائرز کمپلیکس پر تقریباً 2 ارب روپے لاگت آئے گی، لائرز کمپلیکس کو 12 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا، ملک میں متنازع الیکشن کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوام میں جانے میں کوئی خوف نہیں ہے، یہ الیکشن صرف فرد واحد کی انا، ضد، خود پرستی کی تشکیل کیلئے کرایا جا رہا ہے، یہ اسمبلیاں ٹوٹی نہیں ایک خاص مقصد کیلئے توڑی گئی ہیں، پنجاب اپنے تینوں بھائیوں کے ساتھ مل کر جمہوریت کے سفر کو آگے بڑھانا چاہتا ہے، پنجاب کے الیکشن عام انتخابات پر اثر انداز ہوں گے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ چیف جسٹس صاحب سے گزارش کروں گا الیکشن میں سکیورٹی پوری نہیں ہوگی، حلقوں میں ججز ریٹرننگ افسران نہ ہوں گے تو یہ پورے ملک کو خون میں نہلانے والی بات ہے، اس ملک کو 1970 کے الیکشن نے دولخت کیا، 1977 کے الیکشن کو آمریت کے اندھیروں میں دھکیلا، وکلا برادری ملک کو اس مشکل سے بچائے۔

مزیدخبریں