(24 نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے شین وارسک میں شہید ہونے والے سپاہی حامد رسول کی نماز جنازہ و تدفین ادا کر دی گئی۔ جس میں زخمی ہونے والے کیپٹن نے شرکت کر کے شہید سپاہی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شین وارسک میں ہونے والے آپریشن میں سپاہی حامد رسول کے ہم رقاب زخمی کپتان نے اپنے جوان کے جنازے میں شرکت کر کے ثابت کر دیا پاک فوج اپنے شہداء کو بعد از شہادت بھی فراموش نہیں کرتی۔
گزشتہ روز ہونے والے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 8 خطرناک دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے والے ایس ایس جی کے آفیسر نے زخمی ہونے کے باوجود اپنے شہید ساتھی سپاہی حامد رسول کے جنازے میں شرکت کی۔ جس سے قوم کے دشموں کو واضح پیغام ہے کہ “وطن باقی رہے یہ جان تو آنی جانی ہے”۔
نماز جنازہ پہلے ایف سی ہیڈکوارٹرز وانا اور بعد ازاں آبائی علاقے جیسوال، راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں سینئر فوجی افسران، جوانوں، شہید کے عزیز و اقارب اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہید سپاہی حامد رسول کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی حامد رسول دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں شہید ہوئے۔ مسلح افواج دشمنوں کی امن خراب کرنے کی مذموم سازش ناکام بنا دیں گی، ہمارے شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔