برطانیہ کا 23اپریل کو ملک بھر میں سائرن بجانے کا اعلان ، اہم وجہ بھی سامنے آ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)برطانوی حکومت نے 23 اپریل کو ملک بھر کے تمام موبائل فونز پر سائرن بجانے کا اعلان کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہےکہ 23 اپریل کو ملک بھر کے تمام سمارٹ فونز پر آواز اور وائبریشن پر مشتمل ایمرجنسی سائرن بجایا جائیگا ، جس کا مقصد ایمرجنسی الرٹ سسٹم کی مشق بتایا جا رہا ہے۔
حیران کن طور پر سائرن پہلے شام کے وقت بجانے کا اعلان کیا گیا لیکن ایف اے کپ کا سیمی فائنل ساڑھے چار بجے شام شروع ہو گا اس لیے مشق کے وقت کو تبدیل کردیا گیا، الرٹ سسٹم کو شدید موسمی واقعات جیسے فلیش فلڈ یا جنگل کی آگ کے بارے میں متنبہ کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، اگر برطانیہ پر حملہ ہوتا ہے تو اسے دہشت گردی کے واقعات یا شہری دفاع کی ہنگامی صورتحال کے دوران بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ایمرجنسی نظام کے انچارج وزیر اولیور ڈاؤڈن کا کہنا ہے کہ اس کا استعمال صرف ان حالات میں کیا جائے گا جہاں فوری طور پر زندگی کو خطرہ ہو، زیادہ تر معاملات میں یہ سائرن پورے ملک کے بجائے صرف انہی علاقوں میں بجایا جائے گا جہاں اس کی ضرورت ہوگی اور حکام کے مطابق ایسا بھی ہوگا کہ اسے مہینوں یا سالوں تک استعمال کرنے کی نوبت ہی نہ آئے،وزیر کے مطابق حکومت کی جانب سے لوگوں پر پیغامات کی بھرمار نہیں کی جائے گی۔
توقع ہے کہ ٹیسٹ میسج اور الارم برطانیہ کے 90 فیصد موبائل فونز تک پہنچے گا۔ فون صارفین الرٹ پیغام کو سوائپ کر کے ہٹا سکتے ہیں یا اپنے فون کا معمول کے مطابق استعمال جاری رکھنے کے لیے اپنی ہوم سکرین پر ’او کے‘ پر کلک کرسکتے ہیں۔