مرغی کی قیمت نے شہریوں کے ہوش اڑا دئیے

Apr 06, 2025 | 13:04:PM

( 24 نیوز )رمضان المبارک کے بعد بھی مہنگائی کم نہ ہو سکی، ملک بھر میں گوشت اور مرغی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

  ملک میں مہنگائی کا جن مسلسل بے قابو ہے، مرغی، بیف اور مٹن متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہوگئے۔ سرکاری نرخوں اور اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں زمین آسمان کا فرق موجود ہے۔

راولپنڈی میں برائلر زندہ چکن کا سرکاری نرخ 412 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے لیکن اوپن مارکیٹ میں یہ زندہ چکن 540 سے 580 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ برائلر چکن کا گوشت 880 روپے سے 900 روپے فی کلو میں مل رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے برائلر مرغی کے گوشت کے بجائے صرف زندہ چکن کے نرخ مقرر کیے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں:عالمی سطح پر پام آئل کی قیمتوں میں کمی 

بڑے گوشت کا سرکاری نرخ 800 روپے فی کلو مقرر ہے مگر اوپن مارکیٹ میں یہ گوشت 1400 سے 1500 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ چھوٹے گوشت کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو ہے تاہم یہ اوپن مارکیٹ میں 2200 سے 2300 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

پشاور میں بھی گوشت، قیمہ، دالیں، پھل، سبزیاں ودیگر اشیاء خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں۔ بڑا گوشت 1200 روپے، مٹن 2200 روپے، دودھ 240 روپے اور دہی 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ مرغی کی فی کلو قیمت 550 روپے اور پھل و سبزی کی قیمتیں بھی کم نہ ہو سکیں۔

 کراچی میں مرغی کی قیمتیں ریکارڈ سطح پرپہنچ گئیں، مرغی کا گوشت سرکاری قیمت 650 کے بجائے 840 روپے میں فروخت ہو نے لگا۔

مزیدخبریں