سیمنٹ کی فروخت میں 6.6 فیصد کمی،بڑی وجہ بھی سامنے آگئی

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران تعمیراتی سرگرمیاں سست رہیں اورمقامی سیمنٹ کی فروخت 6.6 فیصد کم ہوکر 27.46 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اس عرصے میں 29.4 ملین ٹن تھی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق سیمنٹ کی برآمدات 28 فیصد اضافے کے ساتھ5.1 ملین ٹن سے بڑھ کر 6.53 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے،جولائی تا مارچ مالی سال 2025 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ترسیل 33.99 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 34.5 ملین ٹن کے مقابلے میں 1.48 فیصد کم ہے۔
شمال میں قائم سیمنٹ ملوں نے 9 ماہ کے دوران 22.79 ملین ٹن کی مقامی ترسیل ریکارڈ کی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 24.24 ملین ٹن کے مقابلے میں 6 فیصد کم ہے،شمال کی برآمدات 7.8 فیصد اضافے کے ساتھ 1.12 ٹن رہیں جو 1.039 ٹن تھیں۔
جولائی تا مارچ کے دوران 25.28 ملین ٹن کے مقابلے میں شمال سے کل ترسیل 5.4 فیصد کم ہوکر 23.91 ملین ٹن رہ گئی۔
جنوب میں ملکی ترسیل 9.6 فیصد کم ہوکر 4.76 رہ گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 5.17 ملین ٹن تھی، اس کے برعکس برآمدات 33.3 فیصد اضافے کے ساتھ 4.06 ٹن سے بڑھ کر 5.42 ملین ٹن ہو گئیں،جنوب سے تعلق رکھنے والی ملوں سے مجموعی ترسیل 9.3 فیصد اضافے کے ساتھ 10.08 ملین ٹن ہوگئی جو 9.23 ملین ٹن تھی۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعظم سواتی کے قرآن پر حلف کے ساتھ تہلکہ خیز انکشافات
مارچ 2025 میں سیمنٹ کی مقامی ترسیل 11.3 فیصد کم ہوکر 2.96 ملین ٹن رہی جو مارچ 2024 میں 3.34 ملین ٹن تھی۔
برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 605,142 ٹن کے مقابلے میں 608,614 ٹن رہا، مارچ 2024 میں 3.94 ملین ٹن کے مقابلے میں مہینے کے لیے کل ترسیل 9.5 فیصد کم ہوکر 3.57 ملین ٹن ہوگئی۔