صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ  کا شمالی وزیرستان میں شاندار کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

Apr 06, 2025 | 18:52:PM

(اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے بروقت کاروائی کی دوران 8  خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی بہادر افواج ملکی سرحدوں کی ہمہ وقت حفاظت کیلئے پرعزم ہیں،دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی،صدرآصف زرداری کاکہناتھا کہ  پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں نے فتنہ الخوارج کے پاکستان میں شر انگیزی کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا،افواج پاکستان کے افسران و جوان ملکی سرحدوں سے کسی بھی قسم کی شر انگیزی کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ کی  طرح آج بھی بر وقت کارروائی کرکے  خوارجی دہشتگردوں کی شمالی وزیرستان میں دراندازی  کو ناکام بنایا،پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے دراندازی کرنے والے 8 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا،خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ قوم دراندازی کرنے والے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف  سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،قوم کو سکیورٹی فورسز  کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرأت پر فخر ہے،قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ 

مزیدخبریں