عمران خان کے منع کرنے کے باوجود ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل

Apr 06, 2025 | 20:52:PM
عمران خان کے منع کرنے کے باوجود ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) صوبہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ارباب نیاز  سٹیڈیم کا نام باضابطہ طور پر تبدیل کر کے عمران خان کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔

وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ نے سٹیڈیم پر 'عمران خان کرکٹ سٹیڈیم' کا بورڈ آویزاں کر دیا،مرکزی گیٹ کے علاوہ  سٹیڈیم کی اندرونی عمارت پر عمران خان کا نام درج کیا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق محکمہ کھیل کی ہدایت کی روشنی میں سٹیڈیم کے لیے نئے بورڈ تیار کر کے نصب کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کرکٹ اسٹیڈیم کا نام عمران خان رکھنے کی تجویز دی تھی، جس کے بعد تنازع کھڑا ہوگیا تھا،ارباب نیاز کے صاحبزادے، ارباب شہزاد سابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور سابق مشیر عمران خان نے اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا تھا،انہوں نے کہا تھا کہ اُن کے والد ارباب نیاز کی خدمات کے اعتراف میں پشاور میونسپل کمیٹی نے ان کی وفات کے بعد ایک قرارداد کے ذریعے اسٹیڈیم کا نام رکھا تھا۔

ارباب شہزاد نے سوال اٹھایا تھا کہ کیا صوبائی حکومت نے عمران خان سے اس فیصلے کی اجازت لی ہے؟ عمران خان ہمیشہ زندہ افراد کے نام پر سڑکوں یا عمارتوں کے نام رکھنے کے سخت مخالف رہے ہیں۔

بعدازاں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسٹیڈیم کا نام تبدیل نہ کرنے کی ہدایت جاری کی تھی،عمران خان کی جانب سے واضح طور پر منع کرنے کے باوجود اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کے بعد تاحال صوبائی حکومت کا کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا،دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے نام کی تبدیلی پر صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی واقعات میں مطلوب پی ٹی آئی کے روپوش رہنما مراد سعید منظر عام پر آگئے