(24نیوز)مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف کا کہنا ہےکہ میاں نواز شریف کو لندن بھجوانے کا فیصلہ عمران نیازی حکومت کا تھا، ان کا علاج پاکستان میں نہیں ہو سکتا یہ فیصلہ بھی حکومت کے سرکاری بورڈ کا تھا۔ ڈاکٹرزکے مشورے کے مطابق نوازشریف کے علاج اور لندن میں قیام کا فیصلہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف نےکہاہےکہ نفرت پر مبنی حکومتی بیانات پاکستان کے وقار کے منافی ہیں سیاسی پگڑیاں اچھالنے والے پاکستان کی پگڑی نہ اچھالیں تو مہربانی ہوگی۔ سیاسی فائدے کے لئے حقائق کے برعکس بیانات باعث افسوس ہیں، تین بار وزیراعظم رہنے والے نوازشریف کی زندگی پر سیاست بے حسی اور غیرانسانی رویہ ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ محض سیاست کے لئے ایک فرد کوبدنام کرنے کا حکومتی رویہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے، ہوش کے ناخن لیں۔ قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپیل دائر کر دی گئی ہے، اپیل پر فیصلہ ہونے تک میاں نوازشریف قانونی طور پر لندن میں قیام کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے برطانوی حکومت کو اپنے ویزہ کی مدت میں توسیع کی درخواست دی تھی لیکن برطانوی وزارت داخلہ نے ان کی درخواست مسترد کردی۔ برطانوی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹربیونل میں اپیل کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی عون چودھری عہدے سےمستعفی