(24نیوز)بھارتی اداکارہ سارہ علی خان نے اپنے والد سیف علی خان اور والدہ امریتا سنگھ کی طلاق سے متعلق تبصرہ کیا ہے۔
ایک بھارتی ٹی وی شو میں سارہ علی خان کا کہنا تھا کہ ’یہ بہت آسان ہے کہ اگر آپ دیکھیں کہ آپ کے پاس دو راستے ہیں، آیا آپ ایک ہی گھر میں رہیں جہاں کوئی بھی خوش نہیں یا پھر علیحدہ رہیں جہاں سب اپنی زندگی میں خوش ہوں اور آپ جب بھی ملیں آپ کو ایک مختلف قسم کا پیار اور گرم جوشی ملے۔ میں اپنی والدہ کے ساتھ رہتی ہوں، وہ میری بہترین دوست ہیں اور میرے لئے سب کچھ ہیں۔
سارہ نے مزید کہا کہ ’میرے والد بھی ہیں جو ہمیشہ فون پر دستیاب ہوتے ہیں، میں جب چاہوں ان سے مل بھی سکتی ہوں۔ میں نہیں سمجھتی کہ وہ دونوں ایک ساتھ خوش تھے لہٰذا میرے خیال میں اس وقت علیحدہ ہوجانا ہی بہترین فیصلہ تھا۔
سارہ علی خان نے بتایا کہ اب دونوں اپنی زندگیوں میں خوش ہیں جس کی وجہ سے ہم سب بچے اس سے کہیں زیادہ خوش ہیں لہٰذا جو کچھ ہوتا ہے اس کے پیچھے کوئی وجہ ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ سارہ علی خان کے اپنے والد سیف کی دوسری اہلیہ کرینہ کپور کے ساتھ بھی اچھے تعلقات ہیں اور اکثر اداکارہ اپنے والد اور ان کی دوسری اہلیہ سے ملنے ان کے گھر بھی جاتی ہیں۔انہوں نے عید الاضحیٰ بھی اپنے والد اور تینوں بھائیوں کے ہمراہ منائی اور اس موقع پر ان کی جانب سے انسٹا گرام پر ایک تصویر بھی پوسٹ کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی شادی 1991 میں ہوئی تھی اور 2004 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔