(24 نیوز)شہر قائد کے رہائشیوں کے لئے اچھی خبر، سٹی 21 نے اپنی ٹرانسمیشن کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ ،وفاقی و صوبائی وزرا کی مبارکبادیں۔
تفصیلات کے مطابق سٹی 42 لاہور ،سٹی 41 فیصل آباد ، روہی جنوبی پنجاب ، یو کے 44 کے بعد سٹی 21 کراچی سے بھی اپنی ٹرانسمیشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سٹی 21 چینل کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی ،وزیراطلاعات و بلدیات ناصر شاہ اور ایڈمنسٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چینل کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سٹی 21کو کراچی میں نشریات شروع کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس چینل کے ذریعے کراچی کے مسائل ایوان بالا تک پہنچائے جائینگے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کا کام ہوتا ہے وہ عوام کے مسائل حل کرے اور میڈیا کا ہوتا ہے کہ عوامی مسائل حکومت تک پہنچا ئے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت سندھ کا عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے سٹی 21 کیساتھ پورا تعاون کرے گی۔سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے اور پیپلزپارٹی صحافت کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کو چاہئے کہ مثبت رپورٹنگ کرتے ہوئے ملکی مسائل کو اجاگر کریں اور عوام کو حکومت کی حقیقی کارکردگی سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر لاک ڈائون لگانا سندھ حکومت کی مجبوری ہے۔ میڈیا عوام کو کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے اور ویکسی نیشن کروانے کیلئے آگاہی فراہم کرے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دیگر شہریوں کے بعدسٹی 21 کو کراچی میں اپنی نشریات شروع کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کو منفی انداز میں پیش کیا جاتا تھا ۔ سٹی 21کی نشریات کا آغاز ہونے کے بعد ہم امید کرتے ہیں شہر کے مسائل کو حقیقی انداز میں پیش کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات وبلدیات ناصر حسین شاہ کا سٹی 21کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہنا تھاکہ سچ بولنے کی بڑی سزائیں ملتی ہیں لیکن آپ نے سچ کا ساتھ نہیں چھوڑا اسی لئے لوگ آپ کے چینل کو دیکھتے ہیں۔ اس سے ہمیں بڑی امیدیں وابستہ ہیں ۔ یہ چینل اس شہر کے مسائل حقیقی معنوں سے صوبائی حکومت تک پہنچانے کیلئے حقائق سامنے لائے گا اور صوبائی کی کارکردگی کو اجاگر کیا جائے گا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا سٹی 21 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں چینل کے افتتاح پر آپ کو اور آپ کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی منی پاکستان ہے اس شہر کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کی کوشش کرینگے اور امید ہے کہ آپ کا چینل بھی ہمارا ساتھ دے گا۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیر پریمیئر لیگ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کاآغاز