خطے میں امن۔۔ بھارت کو5اگست کا یکطرفہ اقدام واپس لینا ہو گا۔۔شاہ محمود

Aug 06, 2021 | 20:36:PM

 (24نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کے5 اگست 2019 کے یکطرفہ ، غیر آئینی اقدامات کو مسترد کردیا ہے،بھارت کی ہندوتوا پالیسیوں کے باعث ہندوستان میں مقیم تمام اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں،بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک کےساتھ پر امن تعلقات کے خواہاں ہےں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو رکوانے کیلئے موثر ادا کرے،کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کوبرطانوی ہاﺅس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین نے جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کے ہمراہ وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کےخلاف برطانوی پارلیمنٹ اور بین الاقوامی فورمز پر سفارتی کاوشوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانےوالے مظالم کےخلاف آواز اٹھانے پر لارڈ قربان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ سمیت دنیا کی اہم پارلیمان میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بحث، عالمی برادری کی جانب سے ہمارے موقف کی توثیق ہے۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے کامیاب ویبینار کے انعقاد پر، جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کو مبارکباد دی۔
 وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت سرکار کی جانب سے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی گھنانی سازش مکمل طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کو رکوانے کیلئے اپنا موثر ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست کو کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی یکطرفہ اقدامات کے خلاف پورے پاکستان میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے 5اگست 2019کے یکطرفہ اقدامات کو واپس لینا ہو گا۔

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سلامتی کونسل کو لکھے گئے حالیہ خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔
 یہ بھی پڑھیں۔چینی شہری دانت صاف کرتے ہوئے برش نگل گیا

مزیدخبریں