(24 نیوز)نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی ولیمے کی تقریب میں فائرنگ سے نامزد وزیر کے بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی ولیمے کی تقریب جاری تھی کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے نیشنل ہسپتال پہنچایا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے چل بسے،پولیس نے دونوں حملہ آوروں کو حراست میں لے لیا۔شادی کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی تھی ۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت چیمہ نے کہاکہ جب میں وہاں پہنچی تو ایک جیپ تیزی وہاں سے نکلی ،فائرنگ کے واقعے میں اسد کھوکھر محفوظ رہے ، کھوکھر فیملی نے ولیمے کی تقریب منسوخ کر دی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہاہے کہ ابھی وزیراعلیٰ پنجاب سے بات ہوئی ہے، وہ خیریت سے ہیں اور اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہاکہ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے بالکل قریب آکر فائرنگ کی،وزیراعلیٰ کی سکیورٹی نے حملہ آوروں کوگرفتار کیا۔ان کاکہناتھا کہ بدقسمتی سے اسد کھوکھرکے بھائی اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
فائرنگ کرنے والے ملزم کو وزیراعلیٰ کی سکیورٹی ٹیم نے موقع سے پکڑا،فائرنگ کا واقعہ وزیر اعلیٰ کے نکلنے کے بعد پیش آیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاہے کہ "غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے،سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری جائے اور گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے"
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔۔ نوٹیفکیشن جاری