(ویب ڈیسک )عمران خان اور اس کی پارٹی کو نااہل قرار دینےکی درخواست کے متعلق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کوشش کرنے والے خود پچھتائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا سیاسی بے امنی اور بدامنی ملک میں مزید انتشار اور خلفشار پیدا کرے گی۔شیخ رشید نے کہا عمران خان اور اس کی پارٹی کو نااہل قرار دینے کی کوشش کرنے والے خود پچھتائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگست میں سجنے والا سیاسی دنگل ملکی اور عوامی مسائل میں اضافہ کرے گا، مستقبل کی ساری ذمہ داریاں عدلیہ کے کندھوں پر آگئی ہیں، 30 اگست تک اہم وقت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں سینئر صحافیوں اور اینکرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ مجھے سنگل آؤٹ اور نااہل کرنے کا حکومتی خواب پورا نہیں ہوگا۔
اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا تھا کہ عمران خان کو نااہل کرکے دکھائیں، ہم اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔