چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر امریکی محکمہ خارجہ کا ردعمل آ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دےد یا۔
تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی نااہلی اور 3 سال قید کی سزا پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور دیگر سیاست دانوں کے خلاف کیسز پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جمہوری اصولوں کے احترام اور قانون کی حکمرانی کا کہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:باجوڑ اور لوئر دیر سمیت خیبرپختونخوا کےمختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے
واضح رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی عدالتی فیصلے کے بعد لاہور پولیس کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کردیا گیا تھا۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا کے علاوہ ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا،عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر عمران خان ایک لاکھ روپے جرمانہ نہیں دیں گے تو 6 ماہ مزید قید ہوگی،عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2018 سے 2022 کے دوران اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں بیرون ممالک سے ملنے والے قیمتی تحائف کم قیمت پر حاصل کیے اور پھر ان تحائف کو 6 لاکھ 35 ہزار ڈالر میں فروخت کیا۔
عمران خان کو ملنے والے تحائف میں سعودی عرب سے ملنے والی قیمتی گھڑی بھی شامل ہے جس پر خانہ کعبہ کا ماڈل بنا ہوا ہے اور اس کی عالمی مارکیٹ میں قیمت اندازے کے مطابق 60 سے 65 کروڑ روپے ہے۔