(ویب ڈیسک ) اس سال بھار ت میں ہونے والے ورلڈ کپ کو لیکر بھارتی سیکیورٹی ادارے پریشان نظر آ رہے ہیں، پہلے پاکسان اور انڈیا کا ہونے والے میچ کا شیڈول تبدیل کیا گیا ، اب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کا شیڈول تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی پولیس نے پاکستان کے ایک اور میچ کا شیڈول تبدیل کرنے کی درخواست دے دی ہے، بھارت میں ہونے والے پاکستان انگلینڈ کرکٹ میچ کیلئے بھارتی سکیورٹی ادارے سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پریشان ہوگئے،بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ میچ 12 نومبر کو کلکتہ میں شیڈول ہے جس کیلئے کلکتہ پولیس مکمل سکیورٹی دینے سے قاصر ہے۔
کلکتہ پولیس کا کہنا ہے کہ 12 نومبر کو کالی پوجا کی وجہ سے میچ کیلئے سکیورٹی فراہم کرنے میں مسئلہ ہوگا اس لیے میچ کو ری شیڈول کیا جائے، اس حوالے سےکلکتہ پولیس نےکرکٹ ایسوسی ایشن بنگال سے رابطہ بھی کیا ہے، کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر کا کہنا ہے کہ ہمیں میچ ری شیڈول کرنے کے بارے میں باضابطہ طور پر نہیں کہا گیا ، بھارتی صحافی نے کہا کہ کلکتہ پولیس نے گزشتہ روز کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال سے رابطہ کیا تھا، اس حوالے سے کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے آج بی سی سی آئی سے درخواست کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :زمان پارک میں حالات کشیدہ؟پولیس کی اضافی نفری تعینات، بڑا حکم مل گیا
بھارتی صحافی کے مطابق کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے میچ ایک روز قبل 11 اکتوبر کو کرانے کی سفارش کی ہے، بی سی سی آئی انٹر نیشنل کرکٹ کونسل سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرےگا،دوسری جانب ذرائع کے مطابق اگر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کی بات مان لی گئی تو میچ ایک روز قبل کردیا جائےگا اور 11 نومبر کو ورلڈکپ میں ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا اور آئی سی سی ورلڈ کپ کا تبدیل شدہ شیڈول منگل تک جاری کرے گا۔
خیال رہے کہ احمد آباد پولیس نے بھی نوراتری کی وجہ سے 15 اکتوبر کو پاک بھارت میچ میں سکیورٹی سے معذوری ظاہر کی تھی جبکہ بی سی سی آئی پہلے ہی ورلڈ کپ شیڈول میں تبدیلی کا کہہ چکا ہے۔