(ملک اشرف)عدالت نے عالیہ حمزہ کی درخواست پر وفاقی اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے انہیں گوجرانوالہ جیل سے تاحکم ثانی کسی اور جگہ منتقل کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے عالیہ حمزہ کی تمام مقدمات کی تفصیلات اوررہائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس علی باقر نجفی نے حمزہ جمیل ملک کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ پیش ہوئے،پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ستار ساحل اور محمد فرخ لودھی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ عالیہ حمزہ کی تمام مقدمات سے ضمانت ہوچکی ہے ، عالیہ حمزہ کیخلاف کچھ مقدمات خارج ہو چکے ،مقدمات میں ضمانت اور اخراج کے باوجود رہا نہیں کیا جارہا ۔
یہ بھی پڑھیں:گھر پر جادو کرنے کا شبہ خاتون جان سے گئی
انہوں نے کہاکہ بلوچستان پولیس حراست میں لینے کیلئے گوجرانوالہ جیل کے باہر موجود ہے،عدالت سے استدعا ہے کہ عالیہ حمزہ کو فوری رہا کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔
عدالت نے وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت سے کل جواب طلب کرلیا اورعالیہ حمزہ کو گوجرانوالہ جیل سے تاحکم ثانی کسی اور جگہ منتقل کرنے سے روک دیا گیا۔