خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا
بنگلہ دیشی عوام نے فیصلہ دے دیا کہ غدار کون ہے اور کون تھا، عمران خان کو کوئی بتائے کہ مکافات عمل بہت بے رحم ہوتا ہے، وزیر دفاع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی عوام نے فیصلہ دے دیا کہ غدار کون ہے اور کون تھا، عمران خان کو کوئی بتائے کہ مکافات عمل بہت بے رحم ہوتا ہے۔
بنگلہ دیش میں کئی ہفتوں سے سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے پُرتشدد احتجاج کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد نے گزشتہ روز استعفیٰ دے دیا اور وہ اپنی سرکاری رہائش گاہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت روانہ ہوگئی تھیں۔
اس حوالے سے حکمران جماعت کے اہم رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ آصف نے مائیکر بلاگنگ کی ویب سائٹ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ایک پرانی پوسٹ شئیر کرتے ہوئے ردعمل کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا’ بنگلہ دیشی عوام نے فیصلہ دے دیا کہ غدار کون ہے اور کون تھا، بیٹی کو پناہ کہاں ملی، مجیب الرحمٰن کے مجسموں کے ساتھ کیا ہورہا ہے’۔
خواجہ آصف نے کہا کہ تاریخ نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے، عمران خان کو کوئی بتائے کے مکافات عمل بڑی بے رحم ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال کا سقوط ڈھاکا سے موازنہ کرنے سے متعلق 27 مئی کو عمران خان کے آفیشل اکاؤنٹ نے ان سے منسوب بیان کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی گئی کہ ’ہر پاکستانی کو حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا چاہیے اور جاننا چاہیے کہ اصل غدار کون تھا، جنرل یحییٰ خان یا شیخ مجیب الرحمٰن۔‘
ویڈیو میں پاکستانی فوج کی طرف سے کیے گئے مبینہ مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی گئی کہ خانہ جنگی کے دوران سابق فوجی آمر ہی اصل میں ملک کے ٹوٹنے کا ذمہ دار تھا۔