کراچی میں بس اڈوں کو شہرسے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ
مسافروں کو پرانے اڈوں سے نئے ٹرمینل تک پہنچانے کیلئے مفت شٹل سروس 14 اگست سے شروع ہوگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کےعوام اور مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی، بس اڈوں کو شہرسے باہر منتقل کرنے اور مسافروں کو مفت شٹل سروس دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمشنر کراچی حسن نقوی، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے بس اڈوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
شرجیل میمن نے اس موقع پرکہا تمام بس اڈوں کو کراچی شہر سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے جن میں مسافروں کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،مسافروں کو پرانے بس اڈوں سے نئے ٹرمینل تک پہنچانے کے لیے مفت شٹل سروس 14 اگست سے شروع کی جا رہی ہے،مسافروں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے کراچی بس ٹرمینل پر پولیس کی چیک پوسٹ بھی بنائی جا رہی ہے۔
سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ شٹل سروس کینٹ اسٹیشن، صغیر شہید روڈ، ایم اے جناح روڈ اور الکرم اسکوائر سے شروع کی جا رہی ہے، کوشش کی جائے کہ کراچی کے شہریوں اور مسافروں کو کسی قسم کی تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ تمام ہیوی گاڑیوں کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سڑکوں پر بھی دباؤ بڑھتا ہے، اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا خیال رکھتے ہوئے اقدامات اٹھائے جائیں اور اس بات کویقینی بنایا جائے کہ ٹرانسپورٹرز کو بھی نقصان نہ ہو اور مسافروں کو بھی ریلیف مل سکے۔