بلاک بسٹر فلم کے ٹکٹ بلیک میں بیچنے والا فلیٹوں کا مالک بن گیا
1994میں ریلیزہونے والی فلم”ہم آپ کے ہیں کون“ میں سلمان خان اورمادھوری ڈکشت کی جوڑی کوفلم بینوں نے بہت پسندکیاتھا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بالی وڈکی بلاک بسٹر فلم کے ٹکٹ بلیک میں بیچنے والا دو فلیٹس کا مالک بن گیا.
1994 میں ریلیز ہونیوالی میوزیکل رومانٹک ڈرامہ فلم”ہم آپ کے ہیں کون“ کا شمار بالی وڈ کی سپرہٹ فلموں ٘میں ہوتاہے جس میں سلمان خان اور مادھوری ڈکشت کی جوڑی کو فلم بینوں نے بہت پسند کیا تھا۔اس فلم نے سلمان اور ما دھوری ڈکشٹ کے علاوہ ہدایت کار سورج برجاتیاکے کیریئر کو بھی عروج تک پہنچایاجبکہ اس فلم سے وابستہ افراد کے علاوہ سینما ہالز اور یہاں تک کہ بلیک ٹکٹ بیچنے والوں سمیت بہت سے دوسرے لوگوں نے بھی اس سے خوب فائدہ اٹھایاتھا۔
اب اس بلاک بسٹر فلم کی ریلیز کو 30 سال کاعرصہ بیت چکاہے اور کہا جاتا ہے کہ بھارتی فلمی پنڈتوں کی جانب سے اس فلم کوریلیز سے قبل ٹرائل کے دوران ایک ’ویڈنگ ویڈیو‘ کا نام دیا گیا تھاجس کی وجہ سے بڑے سینما ہاؤسز کے مالکان نے بھی اس کی نمائش کرنے سے انکار کر دیا تھا لیکن جب یہی فلم سینماؤں کی زینت بنی توعوام نے اسے توقعات سے کہیں بڑھ کر پذیرائی بخشی جس کے بعد اس فلم نے کئی لوگوں کی زندگیاں بدل کررکھ دیں۔
’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی سالگرہ منانے کیلئے ایک تقریب ممبئی کے مشہور لبرٹی سنیما میں منعقد کی گئی تواس تقریب میں فلم کے ہدایت کارسورج برجرتیا نے انکشاف کیا کہ فلم کی نمائش کے لیے پہلے ہم نے میٹرو سینما کی انتظامیہ سے رابطہ کیاتھالیکن انہوں نے اس فلم کی نمائش سے انکار کردیا جبکہ اس زمانے کے لبرٹی سینما کے مالک نذیر حسین نے ہمیں نہ صرف کھلے دل سے خوش آمدید کہا بلکہ راج شری پروڈکشن کی انتظامیہ کی جانب سے رکھی گئی تمام شرائط کوبھی مان لیا جس میں تھیٹر کو ہر لحاظ سے اپ گریڈ کرنا بھی شامل تھا۔
’ہم آپ کے ہیں کون‘جب ریلیزہوئی تو اس نے لبرٹی سینماکے لیے بھی خوش قسمتی کے دروازے کھول دیئے اور دور دراز کے علاقوں سے بھی لوگ جوق درجوق آکرفلم دیکھنے لگے ،اس وقت فلم بینوں کے رش کایہ عالم تھاکہ لبرٹی میں موجودہ بکنگ ونڈو پورے ایک سال تک نہیں کھولی گئی تھی کیونکہ اس کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں بک چکے تھے۔اس صورتحال میں بلیک میں ٹکٹ بیچنے والوں کا بھی کاروبار خوب چمکا اور فلم کے ٹکٹ بلیک میں فروخت کرنے والا ایک شخص دو فلیٹ کا مالک بن گیا۔