پاکستانی شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 8  وکٹوں سے ہرادیا

پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ ، بنگلہ دیش اے صرف 78 رنز پر آؤٹ ،شاہینز نے ہدف  17  اوورز میں 2  وکٹوں پرپوراکرلیا

Aug 06, 2024 | 15:21:PM

(ویب ڈیسک)پاکستانی شاہینز نے دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش اے کو 8  وکٹوں سے ہرادیا,عمدہ بولنگ کی بدولت  بنگلہ دیش اے صرف 78 رنز پرڈھیڑ  ہوگئی، ڈارون ٹور کے پہلے میچ میں پاکستانی شاہینز نے این ٹی اسٹرائیک کو چار وکٹوں سے ہرادیا تھا۔

منگل کو کھیلے گئے میچ میں محمد حارث  نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش اے کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی شاہینز کی عمدہ بولنگ نے بنگلہ دیش اے کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں یوں بنگلہ دیش اے 24.3  اوورز میں صرف78 رنز پر ڈھیرہوگئی جبکہ پاکستانی شاہینز نے 79  رنز کا ہدف  17  اوورز میں 2  وکٹوں کے نقصان پرباآسانی حاصل کرلیا۔

این ٹی اسٹرائیک کےخلاف شاندار  بولنگ کرنےوالے جہانداد خان اور مبصر خان نے ایک پھر اچھی بولنگ کرتے ہوئے دو دووکٹیں حاصل کیں، خرم شہزاد  نےبھی دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، انہیں ون ڈے میچوں کے لیے ڈارون میں روک لیا گیا تھا،عمران جونیئر تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ  پرویز حسین 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، کپتان محمد حارث نے وکٹوں کے پیچھے تین شکارکئے۔

پاکستانی شاہینز کی اننگز میں  صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے رپون مونڈل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے توعبدالفصیح اور عثمان خان نےدوسری وکٹ کی شراکت میں  48 رنز کا اضافہ کیا،عبدالفصیح 12 رنز بناکر مونڈل کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39  رنزناٹ آئوٹ اسکور کیے،طیب طاہر17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان شاہین   اب ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لے  گی جس میں اس کا پہلا میچ 10 اگست کو پرتھ اسکارچرز سے ہوگا۔

 

مزیدخبریں