(ویب ڈیسک ) جیا بچن راجیہ سبھا میں اپنے نام کیساتھ شوہر امیتابھ بچن کا نام جوڑنے پر آگ بگولہ ہو گئیں ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نارائن نے جیا بچن کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سیشن میں خطاب کیلئے مدعو کرتے ہوئے مخاطب کیا تھا کہ ’شریمتی جیا امیتابھ بچن جی پلیز‘۔جیا بچن نے ڈپٹی چیئرمین سمیت سب کو یاد دہانی کرائی کہ الگ سے ان کی اپنی بھی ایک پہچان ہے، انہوں نے کہا کہ ’صرف جیا بچن بولتے تو کافی ہو جاتا‘۔جیا بچن نے کہا کہ یہ کچھ نیا طریقہ ہے کہ عورتیں اپنے شوہر کے نام سے جانی جائیں، ان کی اپنی کوئی شناخت نہیں، ان کی اپنی کوئی حاصلات نہیں، ان کی اپنی کوئی پہچان نہیں۔اب ایک مرتبہ پھر جیا بچن اپنے نام کو لے کر راجیہ سبھا میں ناراض ہوگئیں۔راجیہ سبھا کے چیئرپرسن جگدیپ دھنکار نے ایک مرتبہ پھر جیا بچن کو 'شریمتی جیا امیتابھ بچن' کہہ کر پکارا جس پر جیا بچن نے کہا 'شکریہ سر آپ کو امیتابھ کا مطلب پتا ہے نا؟'
جواب میں جگدیپ دھنکار بولے 'آپ اپنا نام بدل لیجیے، میں بدلوا دوں گا، جو نام الیکشن سرٹیفکیٹ میں آتا ہے اور جو نام یہاں درج کروایا جاتا ہے اس کے اندر تبدیلی کا کچھ طریقہ کار ہے اور 1989 میں یہ میں خود کرچکا ہوں'۔
یہ سن کر جیا بچن بولیں 'نہیں سر میں اپنے نام پر فخر کرتی ہوں اور مجھے امیتابھ بچن پر بھی فخر ہے، میں ان کی تمام تر کامیابیوں کی قدر کرتی ہوں، یہ نام کا ڈرامہ آپ لوگوں نے نیا شروع کیا ہے، میں نام کو لے کر بہت خوش ہوں'۔
چیئرپرسن جگدیپ دھنکار نے پھر ایک اور راجیہ سبھا کے ممبر کو خطاب کے لیے پکارا 'جی شری منوہر لال کھٹر'۔اس پر جیا بچن ایک مرتبہ پھر کھڑی ہوئیں اور مسکراتے ہوئے کہا 'سر ان کے نام کے آگے ان کی اہلیہ کا نام بھی لگادیں'،یہ سن کر راجیہ سبھا میں قہقہے گونج گئے جس پر جیا بچن نے کہا کہ میں نام کے خلاف نہیں ہوں لیکن ہر فرد کی پہچان ہے جسے اس کے نام سے پکارا جانا چاہیے۔