انتشار نہیں چاہتے،کراچی کے بعد لاہور اور پشاور میں دھرنا،حافظ نعیم الرحمان نے شیڈول جاری کردیا

Aug 06, 2024 | 23:19:PM

(24نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم انتشار نہیں چاہتے، 11اگست کو لاہور میں وزیر اعلی ہاوس کے سامنےاور 12اگست کو پشاور میں دھرنا ہو گا،14 اگست کو اس دھرنے میں جشن آزادی منائیں گے، 77سال کے بعد اس عزم کو دہرائیں گے کہ پاکستان کو حقیقی پاکستان بنائیں گے۔

لیاقت باغ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا کہ اس تاریخی دھرنے کو 12 روز ہوگئے ہیں،دھرنے میں مسلسل شرکت پر شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں دھرنا عوام کی امید بنتا جارہا ہے ،عوام کا خون نچوڑنے والوں پر ہیبت طاری ہو رہی ہے ،حکومتی کمیٹی جماعت اسلامی کے دھرنے کے سامنے لاجواب ہو گئی ہے ،ٹیکینکل کمیٹی بھی ہمارے ماہرین کے سامنے لاجواب ہو گئی تھی پھر یہ کمیٹی گمشدہ ہو گئی تھی ،پھرسٹیج سے ہونےوالے اعلان کے بعد حکومتی کمیٹی نے پھر رابطہ کیا ہے ،آج رات ہمارے حکومتی کیمیٹی سے مذاکرات ہوں گے ،حکومت نے کمیٹی کمیٹی کھیلنا ہے تو ہم تیار ہیں مسئلہ آپ کو ہی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اب کراچی میں دھرنا ہو رہا ہے ،کراچی میں مزید دھرنے ہوں گے ،11اگست کو لاہور میں وزیر اعلی ہاوس کے سامنے 12اگست جو پشاور میں دھرنا ہو گا،14 اگست کو اس دھرنے میں جشن آزادی منائیں گے، 77سال کے بعد اس عزم کو دہرائیں گے کہ پاکستان کو حقیقی پاکستان بنائیں گے ، 8 اگست کو مری روڈ پر مارچ ہوگا اگر رکاوٹ آئی تو کیسے ہٹانا ہے فیصلہ دھرنے والے کریں گے ،دھرنا ہمیں سست نہیں ہماری انرجی میں اضافہ کررہا ہے ،اس دھرنے میں ہماری مائیں بہنیں اپنے بچوں کے ساتھ موجود ہیں ،اس وقت تاجروں سے ہماری مشاورت جارہی ہے تاجروں کی ملک گیر ہڑتال کا اعلان ہو گا،14 اگست کے بعد ہو سکتا ہے اعلان کیا جائے کہ آئی ایم ایف کے ایجنٹوں کو بل جمع نہ کروائیں،حکمران سن لیں دنیا میں لوگ بیدار ہو رہے ہیں، غزہ کے لوگ لاکھوں گنا بڑی طاقت کے سامنے ڈٹے ہیں،یہ جذبہ انہیں دین اسلام نے دیا ہے ،اب لوگ ٹھنڈے پیٹ یہ سب برداشت نہیں کررہے ،جب لوگوں کے بچوں کا رزق چھینتے ہو خود کشیوں پر مجبور کرتے ہو،بنگلہ دیش کو دیکھ کر سبق سیکھو ،ایسا نہ ہو تمہیں مہلت نہ ملے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کوئی سرکاری گاڑی  1300 سی سی سے زیادہ نہیں ہونا چائیے ،اگر تمہاری پلیٹلیٹس گر جاتے ہیں شوگر ڈاون ہوتی ہے تو میڈیکل سرٹیفیکٹ لاو تو پھر سوچا جائے گا ،آپ نے بچوں کے دودھ پر ٹیکس لگا دیا ،صنعتوں پر ٹیکس لگا دیا ہے ،بجلی کے بھاری بلوں سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں ،ایف بی آر کے لوگ ایک ہزار ارب سے زیادہ کرپشن کرتے ہیں ،ٹیکس آپ براہ راست حاصل کرتے ہو تو پھر ایف بی آر کی کیا ضرورت ہے ،تاجر دوست  سکیم پر بھی نظر ثانی کرنا ہو گی، کوئی تاجر ناجائز ٹیکس نہیں دے گا ،شرح نمو میں کمی کا جھوٹ نہیں چلے گا ،دھرنا آب وتاب اور جذبے سے جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں وزیر اعلی ہاوس کے سامنے دھرنا دے کر بھتیجی صاحبہ کو بتائیں گے کہ کیسے کسانوں کو دھوکہ دیا گیا،ابھی بھی وقت ہے ہم انتشار نہیں چاہتے،ہم تاجروں مزدوروں صنعت کاروں طلباء کا حق لینے آئیں ہیں،حق لے کر جائیں گے ،دھرنے میں شریک نوجوان سٹیج پر جوڈو کراٹے کا مظاہرہ کررہے ہیں،2روز قبل دھرنے میں شاعری کی محفل کا انعقاد  کیا گیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھیں: حافظ نعیم الرحمان نے 8 اگست کو دھرنا مارچ کا اعلان کر دیا

مزیدخبریں