روس نے اپنی تیار کردہ کورونا ویکسین شہریوں کو لگانے کی مہم شروع کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں ویکسین لگانے کی مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں روسی دارالحکومت ماسکو میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے 70 طبی مراکز میں ویکسین فراہم کی جارہی ہے۔ حکومتی اعلان کے 5 گھنٹے کے اندر 5 ہزار سے زائد افراد نے ویکسین کی خوراک حاصل کرنے کی درخواست جمع کروادی ہے۔
روسی وزیر صحت میخائل مراشکو کا کہنا ہے کہ روس پہلے ہی خطرے سے دوچار ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگاچکا ہے۔روسی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس ماہ کے آخر تک 20 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یادرہے کہ روس میں حکومتی سطح پر تیار کی گئی کورونا ویکسین اسپوٹنک V کی اگست میں منظوری دی گئی تھی اور حکام نے گذشتہ دنوں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ویکسین کے نتائج 95 فیصد تک مثبت ہیں اور اس ویکسین کے بنانے والوں کا دعویٰ ہے کہ یہ 95 فیصد کارآمد ہے اور اس کے کوئی منفی اثرات بھی نہیں ہیں۔
دوسری جانب عالمی ماہرین نے روس کی جانب سے ویکسین کی تیاری میں تیزی دکھانے پر شکوک کا اظہار بھی کیا ہے۔ کورونا کیسز کے حوالے سے روس 24 لاکھ 31 ہزار کیسز کے ساتھ دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر ہے اور یہاں 42 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھی 508 افراد انتقال کرچکے ہیں اور 28 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔