چین نے ”سپر کوانٹم کمپیوٹر“ بنا لیا

Dec 06, 2020 | 09:34:AM

 (24 نیوز)چینی ماہرین نے دنیا کے سب سے طاقتور کوانٹم کمپیوٹر کا پروٹوٹائپ بنا لیا ہے جسے ”جیوژانگ“ کا نام دیا گیا ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اس وقت دنیا کے طاقتور ترین سپر کمپیوٹر کے مقابلے میں 100 ٹریلین (ایک لاکھ ارب) گنا طاقتور ہے جبکہ موجودہ طاقتور ترین کوانٹم کمپیوٹر ”گوگل سائیکامور“ سے بھی 10 ارب گنا زیادہ تیز رفتار ہے۔

یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آف چائنا کے ماہرین نے یہ کارنامہ چین کے دیگر تحقیقی اداروں کے تعاون و اشتراک سے انجام دیا ہے۔ٹیم کی قیادت کرنیوالے پروفیسر پان جیان وے  کوانٹم کمپیوٹنگ اور کوانٹم کرپٹو گرافی جیسے جدید میدانوں میں عالمی شہرت رکھتے ہیں۔پروفیسر جیان وے اور ان کی ٹیم گزشتہ بیس سال سے کوانٹم کمپیوٹر کے میدان پر کام میں مصروف تھے اور اپنی اس طویل تحقیق کے دوران انہوں نے اس شعبے میں درجنوں عملی اور مشکل مسائل بھی حل کیے ہیں، تب کہیں جا کر وہ ”جیوژانگ“ پروٹوٹائپ ایجاد کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اس میں خاص بات یہ ہے کہ ”جیوژانگ“ کوانٹم کمپیوٹر عام درجہ حرارت پر کام کرتا ہے جبکہ گزشتہ برس گوگل کو ”کوانٹم برتری“ دلوانے والے سائیکامور کوانٹم کمپیوٹر کو انتہائی سرد ماحول میں رکھے گئے سپرکنڈکٹنگ سرکٹ کی ضرورت پڑتی تھی۔بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ ”جیوژانگ“ اپنی موجودہ حالت میں صرف ایک کام ہی کرسکتا ہے اور اسے مختلف اقسام کے متعدد کام کرنے کے قابل بنانے کے لئے نئے سرے سے ڈیزائننگ کی ضرورت ہو گی۔

مزیدخبریں