(24 نیوز) 1971 کی جنگ میں نشان حیدر حاصل کرنے والے میجر شبیر شریف شہید کا 49 واں یوم شہادت آج عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے۔اس موقع پر میں ملک بھر میں تقریبات منعقدد کی جائیں گی، میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق یوم شہادت پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے میجرشبیرشریف شہید کی بہادری اور شہادت کی عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کیا کہ میجرشبیرشریف شہید نے فوجی اکیڈمی میں اعزازی شمشیر حاصل کی اور 1965 کی جنگ میں ستارہ جرات حاصل کیا۔ میجر شبیر شریف شہید نے71 کی جنگ میں بہادری کے ساتھ جان کی عظیم قربانی دی اور نشان حیدر کے حقدار ٹھہرے ہیں۔
میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1943 کو ضلع گجرات کے قصبہ کنجاہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے لاہور کے سینٹ انتھونی سکول سے او لیول کا امتحان پاس کیا۔گورنمنٹ کالج لاہور میں دوران تعلیم انہیں کاکول سے آرمی میں شمولیت کا اجازت نامہ ملا۔کیڈٹ کے طور پر فوج میں بھرتی ہو جانے کے بعد ان کو ملٹری اکیڈمی کاکول بھیج دیا گیا۔ کمیشن حاصل کرنے کے بعد میجر شبیر شریف شہید نمبر 6 ایف ایف رجمنٹ میں تعینات ہوئے۔ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کے بعد یہ دوسرے فوجی تھے جنہوں نے پاسنگ آٹ پریڈ کے موقع پر شمشیر اعزاز یعنی سوارڈ آف آنر حاصل کی۔ 1965 میں جب بھارت نے پاکستان پر جارحانہ حملہ کیا تو پاک فوج کے جیالوں میں میجر شبیر شریف بھی شامل تھے۔
دسمبر 1971 کی جنگ میں بھی بھارت نے مغربی محاذ پر بری طرح منہ کی کھائی۔ 3 دسمبر1971 کو جب بھارت نے مغربی پاکستان پر حملہ کیا تو میجر شبیر شریف شہید نے بیری والا اور گورمکھڑا کے محاذ پر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنے فوجی دستوں کی ایسے کمان سنبھالی کہ ان کی بہادری کی داستانیں آج بھی پاک فوج میں زبان زدِ عام ہیں۔چھ دسمبر کو دشمن کے خلاف سینہ سپر میجر شبیر شریف دشمن کی جانب سے پھینکے گئے ایک گولے کی زد میں آئے اور شہادت کا اعلیٰ مقام پایا۔انتقال سے پہلے شدید زخمی حالت میں انہوں نےساتھیوں کو پیغام دیا کہ دشمن کی شکست قریب ہے، ڈٹے رہو۔گورمکھڑا کا محاذ فتح کر لیا گیا۔
شہادت کے وقت ان کی عمر28 برس تھی، ان کی ہمت اور بہادری کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں سب سے بڑے ملٹری اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔میجر شبیر شریف شہید‘ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے بھانجے اور پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے۔