کراچی: غیر قانونی بلڈنگ کی مسماری، رہائشیوں کا اہلکاروں پر حملہ

Dec 06, 2020 | 11:02:AM

(24نیوز) کراچی کے علاقے ناظم آباد میں غیر قانونی رہائشی عمارت کو مسمار کرنےکے دوران بلڈنگ کے مکینوں اور بلڈر کے ساتھیوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی  کے عملے پرحملہ کردیا، کچھ اہلکار زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ناظم آباد  نمبر 1میں غیر قانونی چھ منزلہ رہائشی عمارت تعمیر کی گئی تھی۔ علاقہ مکینوں کی درخواست پر ایس بی سی اے کا عملہ غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارت کو توڑنے پہنچا  لیکن موقع پر بلڈنگ کے رہائشیوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے سرکاری اہلکاروں پر حملہ کردیا۔

پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر تعمیر بلڈنگ کے مکینوں اور بلڈر کے ساتھیوں نے سرکاری اہلکاروں پرحملہ کیا جس کے نتیجے میں لیڈی سرچر سمیت کچھ اہلکاروں کو معمولی چوٹیں بھی آئیں۔  رہائشیوں کی جانب سے مزاحمت کے بعدسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ٹیم واپس لوٹ گئی جبکہ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب عمارت غیر قانونی طورپر بنائی جا رہی تھی تو اس وقت ایس بی سی اے کہاں پرتھی۔

 پولیس کے مطابق ایس بی سی اے عملے کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں عارضی طور پر فیملی کو لا کر بٹھایا گیا ہے، سرکاری اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور صورتحال کنڑول ہونے کے بعد ایس بی سی اے کی ٹیم عمارت توڑنے کے لئے دوبارہ کارروائی شروع کر دے گی۔
 

مزیدخبریں