(24 نیوز) بالی وڈ کے معروف کامیڈی اداکار جونی لیورنے کافی عرصے بعد فلموں میں واپسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کام سے بریک لے کر انسانیت کی خدمت کرنے اور خدا کا شکر کرنے نکل گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق جونی لیور کا شمار بھارتی فلموں کے صف اول کے مزاحیہ اداکاروں میں ہوتا ہے تاہم وہ گزشتہ کافی برسوں سے فلموں میں نظر نہیں آرہے تھے۔انہوں نے ’’بازیگر‘‘، ’’عشق‘‘، ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ سمیت سینکڑوں فلموں میں جاندار اداکاری کرکے لوگوں کے دل جیتے ، لیکن اب انہوں نے بالی وڈ ہدایت کار ڈیوڈ دھون کی فلم ’’کولی نمبر 1‘‘ کے ری میک کے ذریعے دوبارہ فلموں میں واپسی کی ہے۔
بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وہ فلموں میں کام کررہے تھے تو ان کے پاس فلاحی کاموں کے لئے بالکل بھی وقت نہیں تھا لہٰذا انہوں نے فلموں سے بریک لیا اور فلاحی کام کرنے لگے۔جونی لیور نے بتایا کہ وہ بھارت میں محنت مزدوری کرتے تھے لیکن خدا نے انہیں کامیابی اور بہت پیسے سے نوازا جس کے متعلق انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔
یہ میرا فرض بنتا ہے کہ جن لوگوں نے مجھےکامیاب سٹار بنایا ہے تو میں بدلے میں انکے لئے کچھ کروں۔
اداکار نے بتایا کہ پہلے اتنا ٹیکنیکل کام نہیں ہوتا تھا جتنا آج ہوتا ہے لیکن پہلے کے لوگ محنت کرتے تھے اور ان کا کام دل کو چھو جاتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے کام سے بے حد محبت کرتے ہیں اور ہر وقت کچھ نہ کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ادکار جونی لیور نے 300 سے زائد بالی ووڈ فلموں میں کام کیا ہے اسکے علاوہ وہ ایک پاکستانی فلم ’’لو میں گم‘‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔