(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاہور کی ترقی کیلئے اربوں روپے کا خصوصی پیکیج ہے جس میں ہسپتالوں اور پلوں کی تعمیر کے علاوہ ٹرانسپورٹ کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا ، جس میں بتایا گیا کہ فیروز پور روڈ پرایک ہزار بستروں پرمشتمل جدید ہسپتال بنایاجائے گا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ہسپتال میں 400 بسترجنرل، 400 بسترکارڈیالوجی اور200 بستروں پربلڈ ڈیزیزکے لئے ہوں گے، یہ ہسپتال ارفع کریم انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹاورکے قریب ایل ڈی اے کی اراضی پر بنایا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی تعمیر پر 7 ارب روپے لاگت آئے گی،ہسپتال کے قیام کیلئے محکمہ صحت کی سمری کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ تک اوورہیڈ برج کی تعمیرکیا جائے گا،اس منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ 2 کلو میٹر طویل اوور ہیڈ برج نولکھاتھانے سے شروع ہوگا،شاہکام چوک پر بھی اوور ہیڈ برج کی تعمیر کا منصوبہ شروع کریں گے۔
لاہور میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے 10 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے،اس منصوبے پر 1 ارب روپے لاگت آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے سٹی میں کم آمدن والے طبقے کیلئے 4 ہزاراپارٹمنٹس بنائے جائیں گے،اس منصوبے پر 40 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے،مجموعی طور پر 8 ہزارکنال اراضی پر 35 ہزار سے زائد اپارٹمنٹس تعمیرکا منصوبہ ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ لاہور سمیت بڑے شہروں میں گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی،جبکہ بند روڈ پر سمن آباد جانے والے چوک پر انڈر پاس بنایا جائے گا۔