دبئی:یہودیوں کیلئے   کوشر کھانوں والا عالی شان ہوٹل کھل گیا 

Dec 06, 2020 | 15:08:PM

(24 نیوز)اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کے باقاعدہ قیام کے بعد دبئی کے ریسٹورنٹس سے منسلک افراد یہودی سیاحوں کی بڑی تعداد پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔   اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے  یہودیوں کیلئے  ایک عالی شان ہوٹل کھل گیا ہے جہاں حلال کھانوں کیساتھ کوشر کھانے بھی دستیاب ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق ایک یہودی رابی نے دبئی کے  ارمانی ہوٹل میں پہلے کوشر ریسٹورنٹ کا آغاز کر دیا ہے۔ ہوٹل میں واقع ارمانی / کاف نامی کوشر ریستوراں کے باورچی فابیئن فایولی کا کہنا ہے کہ  اس ریستوراں کھولنے کا مقصد صرف یہودی افراد کے لیے لذیذ کوشر کھانے تیار کرنا نہیں بلکہ یہ ان تمام افراد کے لئے ہے جو لذیذ کوشر پکوان سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔مسلمانوں کے حلال کھانے کی طرح کوشر میں چند مخصوص جانوروں اور آبی حیات کے گوشت کا استعمال کرنے کی ممانعت ہے۔ 

یاد رہےکہ مشرق وسطیٰ کی بڑی ایئر لائن اپنی بین الاقوامی پروازوں میں کوشر کھانے کی فراہمی کے لیے تھائی لینڈ کے ایک سپلائر کی خدمات لیتی تھی، لیکن اب اماراتی ایئرلائن نے متحدہ عرب امارات کے مخصوص مقامات پر کوشر کھانے تیار کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب سفری پابندیوں سے قبل سن 2019 میں ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد بین الاقوامی سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا تھا۔ اماراتی حکام اسرائیلی سیاحوں کی آمد کے ذریعے دبئی میں سیاحت کی صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ لہٰذا امید کی جارہی ہے کہ آئندہ برس اسرائیلی یہودی سیاحوں کی ایک بہت بڑی تعداد امارات کی سیر کرے گی۔

مزیدخبریں