(24نیوز) کورونا ویکسین کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئیں، روس پاکستان کو ویکسین فراہم کرنے کیلئے تیار ہوگیا، ماسکو حکومت نے فروخت کی پیش کش کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کو پاکستان میں روسی سفارتخانے کا آفر لیٹر موصول ہوا، پاکستان کو روسی ویکسین کلینکل ریسرچ اور ٹرائلز کا ڈیٹا رپورٹ بھی بھیجا گیا ہے، وزارت خارجہ نے وزارت صحت کو روسی پیشکش سے آگاہ کر دیا۔اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سپٹنک فائیو کی کلینکل ریسرچ رپورٹ عالمی ادارے کی تیارکردہ ہے، کلینکل رپورٹ میں سپٹنک فائیو کا دیگر ویکسین سے تقابلی جائزہ شامل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سپٹنک فائیو کوروناویکسین روس میں مقامی طور پر تیارکردہ ہے، سپٹنک فائیو کوروناویکسین 95فیصدموثر ہے، سپٹنک فائیو دیگر ویکسین کے مقابلے سستی اور موثر ہے، دیگر کے مقابلے میں اسے ذخیرہ کرنا بھی آسان ہے، سپٹنک فائیو کےلئے فنڈنگ روسی ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ نے کی۔
خیال رہے کہ روسی حکومت کی جانب سے سپٹنک فائیو ویکسین کا استعمال جاری ہے، روس میں سپٹنک فائیو کورونا ویکسین روسی فوجیوں کو لگائی جا رہی ہے، روس کی سپٹنک فائیوویکسین کو اگست 2020میں رجسٹر کیا گیا تھا، روس میں سپٹنک فائیوویکسین کے محدود استعمال کا آغاز نومبر میں کیا گیا تھا۔
بڑی خبر، روس نے پاکستان کو کورونا ویکسین کی پیشکش کردی
Dec 06, 2020 | 17:46:PM