نیب کا الزامات عائد کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کااعلان

Dec 06, 2020 | 18:46:PM

(24 نیوز)نیب نے دوران حراست ہلاکتوں اور پلی بارگین کرانے کے الزامات مسترد کردیئے اور الزامات لگانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کااعلان کردیا، نیب کاکہنا ہے کہ پلی بارگین کی منظوری احتساب عدالت دیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا  کی جانب سے پریس کانفرنس میں عائد کئے جانے والے الزامات پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم نہ صرف اپنا جرم تسلیم کرتا ہے، بلکہ عدالت کے سامنے اپنے اعترافی بیان پر دستخط بھی کرتا ہے،نیب اعلامیے کے مطابق پلی بارگین نیب کے سیکشن 25 بی کے تحت کی جاتی ہے، ملزم اپنے خلاف ثبوت دیکھنے کے بعد پلی بارگین کرتا ہے، پلی بارگین مختلف دیگر ممالک میں بھی کی جاتی ہے، پلی بارگین منظوری کے بعد ملزم 10 سال کیلئے الیکشن لڑنے کیلئے نا اہل قرار پاتا ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہاگیا ہے کہ نیب نے ابتک 466 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے، پلی بارگین کے وقت ملزم کا بیان بھی قلمبند کیا جاتا ہے ، نیب پر الزامات لگانے والی تمام میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہیں ،نیب بے بنیاد الزامات لگانے والے افراد کو قانونی نوٹسز جاری کرے گا۔نیب اعلامیہ میں مزید کہاگیاہے کہ الزامات لگانے والے 14 دن میں اپنے دعوے کو ثابت کریں،قانون کے مطابق ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا،نیب انسان دوست اور قانون کی پاسداری کرنے والی تنظیم ہے،نیب کرپشن کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں