(24نیوز)ماورہ حسین کے ایک انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ شو کی میزبان کو بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ ابتدا میں کس طرح سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے گھبرا کر وہ ڈپریشن میں چلی گئی تھیں۔ماورہ حسین نے بتایا کہ سوشل میڈیا ہماری زندگیوں میں شامل ہوگیا ہے لیکن سوشل میڈیا اکیلا کچھ نہیں ہے ۔بلکہ اگر میں آج کام کرنا چھوڑ دوں تو میرے سوشل میڈیا اکائونٹ کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ تقریباً 10 سال تک سوشل میڈیا استعمال کرنے کے بعد مجھے احساس ہوا ہے کہ زندگی سوشل میڈیا پر ختم نہیں ہوجاتی۔
تفصیلا ت کے مطا بق ماورہ حسین نے سوشل میڈیا پر تنقید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں یہ سب ہینڈل کرنا آگیا ہے لیکن شروع میں تنقید سننا بہت مشکل تھا۔ مجھے آج سے 5 سال پہلے اس بات کا احساس ہوا کہ آپ کے منہ سے نکلی ہوئی کوئی غلط بات، غلط نہیں ہوتی بلکہ گناہ ہے۔ سوشل میڈیا پر رہتے ہوئے آپ غلطی نہیں کرسکتے کیونکہ آپ کی یہی بات پکڑ کر آپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاجاتا ہے۔ماورہ حسین نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے اتنی دلبرداشتہ ہوگئی تھیں کہ انہوں نے اداکاری چھوڑ کر باہر ملک جانے کا فیصلہ کرلیا تھا اور سڈنی چلی گئی تھیں۔ ماورہ نے کہا کہ اب انہیں سمجھ آگیا ہے کہ سوشل میڈیا کو کس طرح ہینڈل کرنا ہے، کن باتوں پر ردعمل ظاہر کرنا ہے اور کن باتوں پر نہیں۔ یہاں تک کہ وہ تنقید سے اتنا ڈر گئی ہیں کہ خود کا دفاع تک نہیں کرتیں۔ واضح رہے کہ ماورہ حسین آج بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی اداکارائوں میں شامل ہیں۔ ان کے انسٹاگرام پر 6.1 ملین 61 لاکھ فالوورز ہیں۔
کس سے ڈرکرملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا؟ ماورہ کا انکشاف
Dec 06, 2020 | 20:42:PM