مقبوضہ کشمیر میں مبینہ عسکریت پسند بھیجنے کی خبریں بھارتی پروپیگنڈا ہے،پاکستان

Dec 06, 2020 | 22:08:PM

(24 نیوز)پاکستان نے بھارتی میڈیا کے مقبوضہ کشمیر میں مبینہ عسکریت پسندوں کی منتقلی کے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا، ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ایسی من گھڑت جعلسازی کشمیری عوام کی فطری تحریک آزادی کےخلاف بھارتی پروپیگنڈے کا حصہ ہے، بھارت کو گمراہ کن الزامات اور جعلی خبروں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنی بین الاقوامی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی تاکید کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی میڈیا میں چھپنے والی من گھڑت فیک نیوز کو مسترد کرتا ہے اس من گھڑت جعلی خبروں میں مبینہ غیر ملکی عسکریت پسندوں کی مقبوضہ کشمیر منتقلی کا الزام پاکستان پر عائد کیا گیا تھا، ایسی من گھڑت جعلسازی کشمیری عوام کی فطری تحریک آزادی کےخلاف بھارتی پروپیگنڈے کا حصہ ہے، زاہد حفیظ چودھری نے کہا کشمیریوں کی فطری تحریک آزادی حق استصواب رائے کے حصول کےلئے ہے یہ وہ حق ہے جو کہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادیں انہیں فراہم کرتی ہیں ایسی بھارتی چالیں ایک مرتبہ پھر ناکام ہوں گی، بھارت کشمیری عوام کی بھارتی غیرقانونی و غیر انسانی قبضہ کے خلاف قانونی جدوجہد پر پردہ نہیں ڈال سکتا،بھارت ان ہتھکنڈوں سے قابض بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سرعام منظم خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی ملامت سے فرار حاصل کر سکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ شام سے خودساختہ غیر ملکی عسکریت پسندوں کی منتقلی کے الزامات بے بنیاد ہیں یہ الزامات پاکستان مخالف دھواں دار ماحول کی تیاری کا حصہ ہیں جو کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا خاصہ ہے بھارت کو گمراہ کن الزامات اور جعلی خبروں میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنی بین الاقوامی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی تاکید کرتے ہیں ،بھارت کشمیریوں کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ان کا ناقابل تنسیخ حق استصواب رائے دے۔

مزیدخبریں