نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری،شدیدبمباری سے مزید150فلسطینی شہید

Dec 06, 2023 | 10:06:AM

(24 نیوز)جنوبی غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی میں شدت،نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری،گزشتہ روز بمباری سے مزید150فلسطینی شہید،اسرائیلی زمینی فوج فضائیہ کی مدد کے ساتھ جنوبی غزہ سمیت غزہ کے کئی اضلاع میں پھیل گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صہیونی فورسز نے خان یونس شہر کو مکمل گھیرے میں لے لیا ،سفاک اسرائیلی فوج کی مختلف علاقوں میں شدید بمباری کردی،غزہ کے 35 میں سے 26 اسپتال بمباری کے بعد مکمل طور پر بند ہوگئے،کھانے پینے اور دیگر اشیا کی بھی شدید قلت،پناہ گاہوں میں موجود فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ۔

غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دو ماہ مکمل ہوگئے، دیرالبلاح، خان یونس، نصیرات اور بریج کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے ایک روز میں مزید 110 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں انسانیت سوز  اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں 7 ہزار سےزائد بچوں سمیت فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 16 ہزار 248 جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی 43 ہزار 600 سے متجاوز ہو چکی ہے، اسرائیل کی بلاتفریق بمباری کے نتیجے میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے 7 ہزار 600 سے زائد افراد اب بھی دبے ہیں۔

اسرائیل افواج کی شہر اور رہائشی علاقوں اور پناہ گزین  کیمپوں پر  بمباری جاری رہی لیکن اسرائیلی ٹینکوں نے ایمبولینسوں پر بھی حملے کردیے، فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک بار پھر فاسفورس بموں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

ضرور پڑھیں:اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری، ایک روز میں مزید 110 فلسطینی شہید

 خان یونس میں اسرائیلی حملوں کے جواب میں حماس کی جانب سے خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں اور ٹینکوں پر راکٹ حملوں میں مزید 10 اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔ حماس کے دعویٰ کے مطابق اسرائیلی افواج پر کیے جانے والے حملوں میں 24 اسرائیلی ٹینک بھی تباہ کر دیے گئے۔حماس کی جانب سے خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں کے زیر قبضہ عمارت کو بارودی مواد سے تباہ کر دیا گیا جبکہ تل ابیب، عسقلان میں بھی راکٹ حملے کیے گئے۔اسرائیلی فوج نے حماس کے جوابی حملوں میں 2 میجر سمیت 5 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

ادھر ایمسنٹی انٹرنیشنل نے غزہ میں امریکی ساختہ گولہ بارود استعمال ہونے کے انکشاف کے بعد شہریوں پر غیرقانونی بمباری کی جنگی جرائم کے طور پر تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔

مزیدخبریں