توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کیخلاف عمران خان کی اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد

Dec 06, 2023 | 11:49:AM

(24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کیخلاف بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اپیل واپس لینےکی درخواست مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست مسترد کرنےکا فیصلہ سنایا،چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے جنوری 2023 درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف ایک درخواست لاہور ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے ۔

 لاہور ہائیکورٹ نے اس درخواست پر سماعت کیلئے پانچ رکنی بنچ تشکیل دے رکھا ہے اس لئے ہم اسلام آباد ہائیکورٹ سے اپنی درخواست واپس لیکر لاہور ہائیکورٹ میں اس کیس کی پیروی کرنا چاہتے ہیں ،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی استدعا پر عدالت نے الیکشن کمیشن نوٹس جاری کیا،دوران سماعت ایڈووکیٹ امجد پرویز نے الیکشن کمیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر ہوئی اس لئے لاہور ہائیکورٹ کے بجائے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہی سماعت ہونی چاہیے ۔

ستمبر2023 تک یہ معاملہ التوا میں رہا جس پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے ایک نئی درخواست دائر کی گئی، نئی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ ہم آپ کی پہلے سے زیر التوا درخواست کو جلد سماعت کیلئے مقرر کردیتے ہیں، عدالت نے 13ستمبر کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد اس درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کیلئے نام کا اعلان

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر 2022 کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دینےکا فیصلہ سنایا تھا،بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے فیصلے کے خلاف 28 اکتوبر 2022 کو ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

 عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں معاملہ زیر التوا ہونے کے باعث اپیل واپس لینےکی درخواست دائر کی تھی۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے 18 جنوری 2023 کو اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے 13 ستمبر 2023 کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا ہے۔

مزیدخبریں