(ویب ڈیسک) پی ٹی وی کے ڈراموں سے شہرت کی بلندی پر پہنچنے والی معروف اداکارہ نوشین مسعود انتقال کرگئیں۔
پُرکشش شخصیت کی مالک نوشین کے انتقال پر ناصرف ان کے مداح بلکہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
اسی اثناء میں ان کے سابق شوہر طارق قریشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بُک پر نوشین کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور طویل عرصے سے کینسر سے مشکل ترین جنگ لڑنے کے بعد آج صبح انتقال کر گئی ہیں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ ان کو اپنے دونوں بیٹوں سے بے حد محبت تھی۔ وہ ان کے بچے ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے بہترین ساتھی، ہمراز اور دوست بھی تھے اور وہ جب بھی ان دونوں کو دیکھتی تھیں تو ان کی آنکھیں روشن ہوجاتی تھیں‘۔
طارق قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ’ دعا ہے کہ ان کی آگے کی زندگی آسان ہو۔ وہ اپنے پیچھے دونوں بیٹوں کے ساتھ حسین یادیں چھوڑ کر جارہی ہیں‘۔
پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے نوشین مسعود کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا۔ عدنان صدیقی نے لکھا کہ ’ بہترین شخصیت کی مالک اور میری بہترین دوست نوشین مسعود کا الوداع‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’ہم نے آن اسکرین اور آف اسکرین جو بھی کام کیا اس میں نوشین نے اپنی خوش اخلاقی اور اسٹائل سے جادو بھر دیا‘۔ عدنان صدیقی نے نوشین مسعود کے ساتھ گزارے لمحوں کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ان کے ساتھ گزرا ہر ایک لمحے کیلئے بے حد شکرگزار ہوں‘۔
مزید پڑھیں: فاسٹ بولر نسیم شاہ کی بحالی کا مرحلہ شروع
واضح رہے کہ نوشین مسعود نے سال 2010 میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ چینل جیو کے ڈرامے ’ڈولی کی آئیگی بارات‘ میں ڈرامے کے مرکزی کردار ’آزر‘ کی باس کا کردار ادا کیا تھا۔ کراچی کے سینٹ جوزف اسکول اینڈ کالج سے بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کرنے والی نوشین مسعود کی وجہ شہرت اداکاری سے قبل ہدایتکاری تھی۔
انہوں نے پاکستانی معروف گلوکاروں شہزاد رائے، جنید جمشید، جواد احمد اور عامر زکی کے بے مثال گانوں کی ویڈیوز کی ہدایتکاری کے فرائض بھی سرانجام دیے اور انکی اس کاوش کو خوب پسند بھی کیا گیا۔