غزہ میں ایندھن اور امداد کی رسائی، اسرائیلی اقدامات ناکافی: امریکا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) امریکہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں ایندھن اور دیگر امداد کی رسائی کی اجازت دینے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ’پہنچنے والی امداد کافی نہیں ہے۔ اسے بڑھانے کی ضرورت ہے اور ہم نے اسرائیل کی حکومت پر یہ واضح کر دیا ہے۔‘
اقوام متحدہ نے بتایا تھا کہ پیر کو 100 انسانی امداد کے ٹرک اور تقریباً 69 ہزار لیٹر ایندھن مصر سے غزہ پہنچایا گیا۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجاک نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ ’یہ (امداد) 170 ٹرکوں اور 110،000 لیٹر ایندھن کی یومیہ اوسط سے بہت کم ہے جو 24 سے 30 نومبر کے درمیان جنگ میں وقفے کے دوران فلسطین میں داخل ہوئی۔‘
یہ بھی پڑھیے: فلپائن، بس کھائی میں گرنے سے 17 افراد ہلاک ، 12 زخمی
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے گذشتہ ہفتے سات اکتوبر کو غزہ سے اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد مشرق وسطیٰ کے اپنے تیسرے دورے پر اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالا کہ وہ امداد کی ترسیل میں اضافہ کرے اور حماس کیخلاف کارروائی میں شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچائے۔
اسرائیلی فورسز نے منگل کے روز جنوبی غزہ کے مرکزی شہر خان یونس پر دھاوا بول دیا تھا۔
گذشتہ ہفتے زمینی حملے، جسے حماس کے ساتھ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سب سے بڑی کارروائی سمجھا جا رہا ہے، میں اسرائیل کا کہنا تھا کہ اس کے فوجی جنہیں جنگی طیاروں کی مدد حاصل تھی، خان یونس کے مرکز تک پہنچ گئے اور شہر کو گھیرے میں لے لیا۔