میجر شبیر شریف کی عظیم قربانی حب الوطنی کی اعلیٰ ترین مثال ہے: عسکری قیادت

Dec 06, 2024 | 00:53:AM
میجر شبیر شریف کی عظیم قربانی حب الوطنی کی اعلیٰ ترین مثال ہے: عسکری قیادت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)میجر شبیر شریف نے اپنے خون سے دلیری اور بہادری سے تمام تر مشکلات کاسامنا کرتے ہوئے تاریخ رقم کی،میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے 53ویں یوم شہادت پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے  خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

 عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں کہا کہ  میجر شبیر شریف شہید کی غیر معمولی جرات، غیر متزلزل لگن اور عظیم قربانی حب الوطنی اور عسکری مہارت کے اعلیٰ ترین مثال ہے،1971 کی جنگ کے دوران میجر شبیر شریف کو سلیمانکی ہیڈ ورکس کے اہم سٹریٹجک مقام کو محفوظ بنانے کا کام سونپا گیا،میجر شبیر شریف نے 5 اور 6 دسمبر کی درمیانی رات نہتے ہاتھ 4 جاٹ رجمنٹ کے کمپنی کمانڈر میجر نارائن سنگھ کو ختم کر کے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا،میجر شبیر شریف کو 1965 کی جنگ میں ان کی بے مثال بہادری پر ستارہ جرات سے نوازا گیا تھا

میجر شبیر شریف 6 دسمبر کو بہادری کے ساتھ بار بار دشمن کے جوابی حملوں کو پسپا کرتے رہے،میجر شبیر شریف نے بے جگری اور موثر حکمت عملی سے پیش قدمی کرنے والے دشمن کے ٹینکوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا،دشمن کے پے در پے حملوں کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر شبیر شریف شہید نے بھارتی ٹینک کے گولے کا نشانہ بن کر جام شہادت نوش کیا ۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نےکہا ہے کہ قوم مادر وطن کا دفاع کرنے والے ان بہادر ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ،ان ہیروز  نے فرض کی ادائیگی میں لازوال قربانیاں دیں،ان کا ناقابل تسخیر جذبہ آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔