ڈاؤن سنڈروم کی شکار بچی ایک دن کی وزیراعلیٰ سندھ بن گئیں

مراد علی شاہ  کی دعوت پر ڈاؤن سنڈروم پروگرام کے 22 بچوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس  کادورہ کیا

Dec 06, 2024 | 10:00:AM

(ویب ڈیسک)ڈاؤن سنڈروم کی شکار بچی کو ایک دن کیلئے وزیراعلیٰ سندھ بنا دیا گیا۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  کی دعوت پر ڈاؤن سنڈروم پروگرام کے 22 بچوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کادورہ کیاجہاں وزیراعلیٰ نے گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا،انہوں نے بچوں کو وزیراعلیٰ ہاؤس کی تاریخی عمارت کا دورہ کرایا اوربچوں سے دریافت کیا کہ آپ میں سے کون وزیراعلیٰ بننا چاہتا ہے؟، اکثر بچوں نے ہاتھ اٹھا کر اپنے خواب کا اظہار کیا،تاہم ایک بچی دعا اعتماد کے ساتھ اٹھیں اور بتایا کہ وہ وزیراعلیٰ بننا چاہتی ہیں.

بچوں کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے  تمام بچوں کو باری باری اپنی کرسی پر بٹھایا،خود قریب دوسری کرسی پر بیٹھے رہے اور کہا کہ اگر آپ وزیراعلیٰ بنیں گے تو ہم آپ کے معاونین بن جائیں گے.

بچوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کی گیلری کا بھی دورہ کیا، یہ تجربہ اس وقت یادگار ہوگیا جب بے بی دعا کو’’آج کی وزیراعلیٰ‘‘قرار دیاگیااور کانفرنس ہال میں ان سے باقاعدہ اجلاس کی صدارت کرائی گئی.

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانے سے کیا گیا،پرنسپل سیکرٹری آغا واصف نے بے بی دعا کو سندھ کی آبادی، تعلیم اور گورننس سے متعلق بریفنگ دی،بے بی دعا نے اپنی کابینہ کو ہدایت کی کہ’’پاکستان کو صاف رکھا جائے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں:سٹاک مارکیٹ میں پھر تیز ی، انڈیکس 1 لاکھ 9 ہزار پوائنٹس کی حدبھی پار کر گیا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایات کی حمایت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ مس دعا‘ہم آپ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہر شہر اور پاکستان کو صاف ستھرا رکھیں گے۔

مزیدخبریں