(24نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو جسمانی ، سیاسی اور نفسیاتی طور پر کچلنے کیلئے بھارتی ظالمانہ مہم جاری ہے۔مقبوضہ وادی اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے۔
جموں و کشمیر او آئی سی رابطہ گروپ اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر اس وقت دنیا میں سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے،بھارت وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے۔ 5 اگست کے حکمنامے نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو جسمانی ، سیاسی اور نفسیاتی طور پر کچلنے کیلئے بھارتی ظالمانہ مہم جاری ہے۔ بھارت نے آزادی کی آواز دبانے اور آزادی تحریک کچلنے کیلئے وادی میں 9 لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے۔ہم نے اس دیرینہ مسئلے پر بھرپور سیاسی اور سفارتی مہم چلائی ہے۔جموں و کشمیر کے معاملے پر سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل کیا جائے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ مظلوم کشمیری عوام سےیکجہتی پر امت مسلمہ کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جموں کشمیر میں صورت حال عالمی برادری سے چھپی ہوئی نہیں ہے۔
قبل ازیں پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے جموں و کشمیر تنازع کے حل کے لیے پُرعزم ہے۔پاکستان کے مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔