بھارت: کسانوں کے احتجاج پر لوک سبھا میں شدید ہنگامہ

Feb 06, 2021 | 09:46:AM

(24 نیوز)بھارت کی لوک سبھا میں کسانوں کے مسئلے پر اپوزیشن پارٹیوں کے شوروغل کے سبب  کوئی کام نہیں ہو سکا اور شدید ہنگامے کے دوران سپیکر اوم برلا نے ایوان کی کاروائی پیر کے روز صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اجلاس کی کارروائی ایک بار ملتوی کئے جانے کے بعد سپیکر نے چھ بجے جیسے ہی ایوان کی کاروائی دوبارہ شروع کی حزب اختلاف  کی جماعتوں کے اراکین پوسٹر  لے کر نعرہ لگاتے ہوئے ایوان کے درمیان آ گئے اور ہنگامہ کرنے لگے۔ سپیکر نے ہنگامہ کرنے والے تمام اراکین سے کہا کہ وہ اپنی سیٹ پر جائیں اور ایوان کی کاروائی پر امن چلنے دیں لیکن کسی نے ان کی بات نہیں سنی تو انہوں نے ایوان کی کاروائی پورے دن کے لئے ملتوی کر دی۔
اس سے قبل بھارتی لوک سبھا کے سپیکر  نے جب وقفہ سوال شروع کیا تھا تو اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین ’تاناشاہی نہیں چلے گی‘ جیسے نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے درمیان آ گئے اور نعرے بازی اور شور شرابہ کرنے لگے۔  کچھ دیر تک شور و غل کے درمیان وقفہ سوال چلتا رہا لیکن ہنگامے کے درمیان وقفہ سوال چلانا جب مشکل ہو گیا تو انہوں اراکین سے کہا کہ ہم سبھی کو یہاں عوام سے متعلق سوال پوچھنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔

مزیدخبریں