(24 نیوز)اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف نے قطر کا متحدہ عرب امارات کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ خارج کر دیا ہے۔قطر نے یہ مقدمہ دوحہ کی ناکہ بندی پر امتیازی سلوک کے الزام میں دائر کیا تھا جو اب ختم کی جا چکی ہے۔
مقدمہ 2018 میں اس وقت دائر کیا گیا تھا جب سعودی عرب، امارات، بحرین اور مصر نے قطر سے شدت پسندوں کی حمایت اور ایران کی قربت اختیار کرنے پر رابطے اور آمد ورفت کے ذرائع بند کر دیئے تھے۔قطر نے مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے اقدامات 1965 کے اقوام متحدہ کے اس عالمی منشور سے متصادم ہیں جن میں نسلی بنیادوں پر امتیازی سلوک کے خاتمے کا کہا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی عدالت انصاف نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کی جانب سے اٹھائے گئے ابتدائی اعتراض کو برقرار رکھا جاتا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس مقدمے میں نسلی امتیاز کا ذکر ہے جبکہ قومیت الگ چیز ہے۔عالمی عدالت نے قرار دیا کہ قطر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست سننے کی یہ عدالت مجاز نہیں اور یہ معاملہ دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔