(24 نیوز)بنگلادیش سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بنگلادیش کے آرمی چیف نےقتل کے ملزمان کو ملک سے فرار کرایا ہے اور یہ ملزمان آرمی چیف کے بھائی ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنرل عزیز نے اپنے ایک بھائی کو ہنگری، جبکہ دوسرے بھائی کو ملائیشیا فرار کرایا ہے۔ بنگلہ دیشی آرمی چیف کے دونوں بھائی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے باڈی گارڈ بھی رہ چکے ہیں۔
دوسری جانب قتل ہونیوالے شخص کےاہلخانہ کے الزامات پر بنگلادیش کی وزارت خارجہ نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں۔مقتول کے جرمنی میں مقیم رشتہ دار حسن ماہیدی منا کے مطابق قاتلوں نے ان کے انکل کو سرعام ڈھاکہ کی سڑک پر گولیوں کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ فریڈم پارٹی کا حصہ تھے، مگر میرے انکل کا کبھی کسی ایسے گروہ یا تنظیم سے واسطہ نہیں رہا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کے آرمی چیف نے فرضی نام اور جعلی دستاویزات کے ذریعے اپنے بھائی حارث کو ہنگری میں کاروبار بھی شروع کرکے دیا۔ بنگلادیشی آرمی چیف کے بھائی ملزم جوزف کو قتل میں صدارتی معافی ملنے کے بعد بنگلادیشی وزیراعظم کی جانب سے عزیز احمد کو فوری طور پر آرمی چیف کے عہدے پر ترقی دی گئی۔