(24 نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈرکے لئے دائر درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے 5 صفحات پرمشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ہےجس میں پارلیمانی معاملات عدالت میں لانا ارکان کی جانب سے حلف کا پاس رکھنے میں ناکامی کا اعتراف قرار دیا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ ارکان کی جانب سےمعاملات عدالت لانے سے پارلیمنٹ کی ساکھ متاثر ہوتی ہے، پارلیمنٹ فعال رکھنا اکثریت میں ہونےکے باعث حکومتی بینچوں کی ذمہ داری ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن بینچوں کی ذمہ داری بھی کم اہم نہیں ہے، عدالت کو کوئی شک نہیں کہ پروڈکشن آرڈرزکا معاملہ پارلیمنٹ میں ہی حل ہوسکتاہے۔