(24 نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے آرڈیننس گھبراہٹ کا ثبوت ہے، حکومت نے اپنے ایم پی ایز پر ہی عدم اعتماد کر دیا، ایوان بالا کے انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے فیصلے پر حکومت کی گھبراہٹ پورے ملک کے سامنے ہے، حکومت آرڈیننس نکال کر اوپن بیلٹ سے سینیٹ الیکشن کرانا چاہتی ہے، حکومت نےکسی پارٹی سے سنجیدہ گفتگو نہیں کی، درست وقت پر فیصلہ کرلیا جاتا تو قانون سازی ہو جاتی، حکومت نے جمہوری طریقہ نہیں اپنایا، حکومت نے سپریم کورٹ کو ریفرنس بھجوا دیا، حکومت آئینی ترمیم کا آرڈیننس سرکولیشن سے پاس کرا رہی ہے۔
بلاول بھٹونے کہا ہے کہ حکومت عوام سے ان کا حق چھیننا چاہ رہی ہے، کمیٹی کے ذریعے معاملہ اچانک ایوان میں لایا گیا، پی ٹی آئی کی دھاندلی کرنے کی کوشش ناکام ہوگی، حکومت کا آرڈیننس لانے کا مقصد سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنا ہے، سینیٹ میں اوپن بیلٹ معاملے پر صرف پارلیمنٹ کا اختیار ہے، حکومت کو ہٹانے کیلئے بہت سارے طریقے موجود ہیں، وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے تحریک عدم اعتماد جمہوری طریقہ کار ہے، ہم اپنا جمہوری ہتھیار احتجاج استعمال کر رہے ہیں۔