پی ڈی ایم کے غبارے میں سے ہوا نکل چکی، باعزت واپسی کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے، شاہ محمود قریشی 

Feb 06, 2021 | 19:03:PM
پی ڈی ایم کے غبارے میں سے ہوا نکل چکی، باعزت واپسی کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے، شاہ محمود قریشی 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاکہناہے کہ پی ڈی ایم پانی کا بلبلہ جس میں ہوا نکل چکی ہے،پی ڈی ایم حکومت گرانے میں ناکامی کے بعد باعزت واپسی کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے ،پی ڈی ایم اپنے کارکنوں کو مطمئن کرنے میں مصروف ہے۔
 ملتان میں اپنے حلقے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہاکہ حکومت سینیٹ انتخابات میں شفافیت قائم رکھنے اورووٹوں کی خریدو فروخت ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کیلئے اوپن بیلٹ انتخابات چاہتی ہے،ہم چاہتے ہیں ایسا شفاف نظام لایا جائے جس میں کرپشن اور خریدوفروخت کے بازار بند ہو جائیں۔
انہوں نے کہاکہ پی پی اور ن لیگ کے قول و فعل میں تضاد ہے، دونوں جماعتوں نے چارٹرآف ڈیموکریسی کی شق 23 میں لکھا تھا کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروائے جائیں گے،اب دونوں جماعتیں اپنے قول سے پیچھے ہٹ چکی ہیں،اس مقصد کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ آئینی تشریح کی جائے۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ قانون سازی کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں،شفاف نظام کی بنیاد رکھنے کی پوری کوشش کریں گے،سابقہ انتخابات میں تحریک انصاف نے شکایت ملنے پر اپنے 20 ارکان صوبائی اسمبلی کو پارٹی سے بے دخل کردیا تھا،وزیراعظم عمران خان کا واضح اعلان ہے کہ کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم ایک طرف حکومت کو جعلی حکومت کہتی ہے اور دوسری طرف سینیٹ انتخابات میں حصہ لیکر اسی جعلی اسمبلی میں جاناچاہتی ہے،وزیر خارجہ نے کہاکہ عوامی خدمت کا سفر جاری ہے جو اب رک نہیں سکتا، مریم نواز کو عمران فوبیاہوگیا ہے، پی ڈی ایم جتنا مرضی لانگ مارچ کر لے ‘ جتنا مرضی احتجاج کرلے ‘ لٹیروں سے مفاہمت نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے مودی کو شادی پر بلا کر گلے لگایا اور کشمیریوں سے بغاوت کی، آج نواز شریف کی بیٹی کس منہ سے کشمیر کا ذکر کرتی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کشمیر کے مسئلہ پر بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں،لیکن مذاکرات کو ہماری کمزوری نہ سمجھی جائے ،کسی بھی صورت میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہتے ہیں،عالمی برادری سے درخواست کرتے ہیں کہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی جارحیت سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے،مہنگائی ہماری حکومت کےلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے ۔

ٹیگز: